ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لکھنؤ انکاؤنٹر سے جڑے معاملے کی جانچ این آئی اے کرے گی:راج ناتھ سنگھ

لکھنؤ انکاؤنٹر سے جڑے معاملے کی جانچ این آئی اے کرے گی:راج ناتھ سنگھ

Sat, 11 Mar 2017 12:34:30    S.O. News Service

نئی دہلی،10مارچ(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مدھیہ پردیش میں ٹرین میں بم دھماکے کیس کے سلسلے میں لکھنؤ انکاؤنٹر میں ایک مشتبہ دہشت گرد کے مارے جانے کے واقعہ کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے)کرے گی۔انہوں نے بتایاکہ اس معاملے میں ابھی تک کل آٹھ گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔اس سلسلے میں راجیہ سبھا میں دئے اپنے ایک بیان میں راج ناتھ سنگھ نے مارے گئے سیف اللہ کے والد محمد سرتاج کی طرف سے اس کی لاش لینے سے انکار کئے جانے کی حکومت اور پورے ایوان کی جانب سے تعریف کی۔انہوں نے سرتاج کے اس بیان کی بھی تعریف کی کہ جو اپنے ملک کا نہیں ہوا، وہ ہمارا کس طرح ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہا، محمد سرتاج پر حکومت اور پورے ایوان کو ناز ہے۔ممبران نے میز تھپتھپا کر اس کا استقبال کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ واقعات ریاستی پولیس اور مرکزی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے،دونوں ریاستوں کی پولیس کی طرف سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملک کی سلامتی پر پیدا ممکنہ خطرے کو ٹالنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔انہوں نے کہاکہ اس پورے معاملے کی جانچ این آئی اے سے کرائی جائے گی۔راج ناتھ نے بتایا کہ آٹھ مارچ تک مندرجہ بالاواقعات میں چھ ملزم گرفتار کئے گئے تھے۔نو مارچ کو اتر پردیش اے ٹی ایس کی طرف سے دو اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد اب تک کل آٹھ گرفتاریاں اس پورے واقعے میں ہوئی ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے اس معاملے میں مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں دونوں ریاستوں میں درج مقدمات کا بھی ذکر کیا۔


Share: